تحریک انصاف نے سڑکوں کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی میں بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا
پاکستان تحریک انصاف نے سڑکوں کے ساتھ ساتھ ایوانوں میں بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے چودہ اکتوبر کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت چودہ اکتوبر کو اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ قاف اور آزاد امیدوارں کے پارلیمانی لیڈروں کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں پنجاب اسمبلی میں سرکاری کارروائی کے دوران حکومت کی بھرپورمخالفت کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے ممبران اسمبلی کو ہدات کی گئی ہے کہ وہ تیس اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے اور دھرنا دینے کا ماحول بنانے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کریں، اپوزیشن جماعتیں ایوان سے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج میں ساتھ چھوڑ چکی ہیں لیکن پنجاب اسمبلی کی حد تک تمام جماعتیں یکجا ہیں اور ایک ساتھ حکومت کے خلاف احتجاج اورایوان سے واک آوٹ کرتی رہی ہیں، پنجاب اسمبلی کے چودہ اکتوبر کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈرز کے بلائے گئے اجلاس میں ایوان کی حد تک اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد اور حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کے حوالے سے مشاورت ہوگی ۔