نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی عدم دستیابی کے باعث بغیرکارروائی کے ملتوی کر دی گئی
احتساب عدالت اسلام آباد میں فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت جج محمدارشد ملک نے کی، دوران سماعت سابق وزیر اعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے ،کمرہ عدالت میں صحافی کی جانب سے نواز شریف سے پوچھا گیا کہ آج بارہ اکتوبر ہے ،کچھ کہنا چاہیں گے؟جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق کیا کہیں گے۔دونوں سوالوں کے جواب میں نواز شریف خاموش رہے ۔نواز شریف نے مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے رہنماوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلا کا کردار اہم رہا ہے ۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی سپریم کور ٹ میں موجودگی اور احتساب عدالت میں عدم دستیابی کے باعث فلیگ شپ ریفرنس کیس کی سماعت بغیر کسی کار روائی کے ملتوی کر دی گئی۔کیس کی آئندہ سماعت پیر کے روز ہو گی ۔دوسری جانب نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے العزیزیہ سٹیل مل ریفرنس میں درخواست دائر کی گئی،جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ریفرنس کے تفتیشی افسر محبوب عالم سے کچھ سوالات مزید کرنے ہیں۔عدالت مزید سوالات کرنے کی اجازت دے۔عدالت کی جانب سے درخواست پر دلائل کیلئے نیب کو پیر کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا