پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا:وزیراعظم عمران خا ن
وزیراعظم عمران خا ن نے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کے انسانی حقوق کے لئے ہماری جدوجہد ایک دن سمندر کی صورت اختیار کرلے گی۔کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے شاہراہ دستور اسلام آباد پرانسانی زنجیر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔وزیراعظم نے کہایہ ستم ظریفی ہے کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ ہانگ کانگ میں مظاہروں کو بھرپورانداز میں کوریج دے رہے ہیں جبکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے اَسی لاکھ عوام پرمظالم کو نظرانداز کررہے ہیں۔عمران خان نے کہاکہ ہم عالمی برادری کو مسلسل پیغام دیتے رہیں گے کہ مقبوضہ کشمیر میں اَسی لاکھ کشمیری محصور ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے مقبوضہ کشمیرکے غیرقانونی الحاق سے سنگین غلطی کی ہے اوراس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہدکودبایانہیں جاسکتا۔