وزیراعظم کاعلاقائی استحکام میں اضافے سے متعلق ترکی کی کوششوں کے ساتھ مکمل تعاون کااظہار
وزیراعظم عمران خان نے سیکیورٹی اورعلاقائی استحکام میں اضافے سے متعلق ترکی کی کوششوں کے ساتھ مکمل تعاون اوریکجہتی کااظہارکیاہے۔انہوں نے ان خیالات کااظہارترکی کے صدررجب طیب اردوان سے خطے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے ترک صدر کو بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کے بار ے میں ترکی کے خدشات اور تحفظات سے بخوبی آگاہ ہے۔عمران خان نے کہاکہ ایک ایسے ملک کی حیثیت سے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سترہزارسے زائدجانوں کی قربانی دی اور کئی عشروں تک تیس لاکھ سے زائد پناہ گزینوں کا بوجھ برداشت کیا، پاکستان ترکی کو درپیش خطرات اورچیلنجوں کوبخوبی سمجھتا ہے جس کے چالیس ہزار سے زائد افراددہشت گردی کی نذر ہوچکے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ ہماری دعاہے کہ سیکیورٹی ، علاقائی استحکام اور شام کے تنازعے کے پُرامن حل کے حوالے سے ترکی کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں۔عمران خان نے کہاکہ حکومت اور پاکستانی عوام رواں ماہ کے آخر میں صدر اردوان کے دورہ پاکستان کے موقع پراُن کے پرتپاک استقبال کے منتظرہیں۔