امریکا کا ہزاروں فوجی اور جدید ہتھیار سعودی عرب بھیجنے کا اعلان
امریکا نے ہزاروں فوجی اور جدید ہتھیار سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کردیا ہے ۔ غیر ملکی خبر رسا ادارے کے مطا بق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ’سعودی عرب کے دفاع‘ کو بڑھانے کے لیے ہزاروں اضافی فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ 3ہزاراضافی فوجی سعودی عرب بھیجے جارہے ہیں،لڑاکاطیارے،ایئرڈیفنس سسٹم اورپیٹریاٹ میزائل سعودی عرب بھیجے جائیں گے ،پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ٹرمینل ہائی الٹی ٹیوڈایریا ڈیفنس سسٹم"تھاڈ"بھی نصب کیاجارہاہے، اس کے علاوہ 360 ڈگری کوریج کرنے والے 64ریڈاربھی نصب کیے جائیں گے۔امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اضافی مدد کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ سعودی سلطنت کوبڑھتے خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی عرب میں بقیق اور خریص کے علاقوں میں سعودی تیل کمپنی 'آرامکو' کی تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں دنیا میں تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ بھی متاثر ہوا تھا اور جہاں کمپنی کی نصف پیداوار معطل ہوئی تھی وہیں تیل کی عالمی رسد میں پانچ فیصد کی کمی آئی تھی۔