نیدرلینڈز نے ترکی کو ہتھیاروں کی نئی کھیپ کی برآمد معطل کر دی
نیدرلینڈز نے شمال مشرقی شام میں بدھ کے روز ترکی کے حملے کے بعد انقرہ کو اسلحے کی کسی بھی نئی کھیپ کی برآمد کی معطل کر دی ہے۔ یہ بات نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز بتائی۔ وزارت خارجہ نے خبر رساں ادارے کو بتایا "نیدرلینڈز نے شام میں انسانی حقوق کی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے ترکی کو فوجی سازو سامان کی برآمد کے لیے تمام درخواستوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم ہیوگو ڈی جونگے نے ہفتہ کے روز ہونے والے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا "ہم یورپی یونین کے دیگر ممبر ممالک سے بھی ایسا ہی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں"۔ ترکی نے بدھ کے روز شام کے شمال مشرقی علاقوں میں کرد ملیشیا کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جس پربین الاقوامی سطح پر ترکی کے خلاف سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ ڈچ عہدیدار نے مزید کہا کہ ہمیں اس آپریشن کے ممکنہ انسانی نقصانات پر بہت تشویش ہے۔ شام میں ترک فوجی کارروائی سے 'داعش' کے خلاف جنگ کے ثمرات ضائع ہوسکتے ہیں اور یہ تنظیم پھر سے سر اٹھا سکتی ہے۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ پیر کے روز شام میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ اسٹیو بلاک نے اپنا بھارت کا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ قبل ازیں شمالی اوقیانوس معاہدہ تنظیم 'نیٹو' کے رکن ناروے نے جمعرات کے روز ترکی کو اسلحہ کی ترسیل معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔