العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی اپیل 29 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر
العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیل 29 اکتوبر کو سماعت کے لیےاسلام آباد ہائیکورٹ میں مقرر کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس نے کاز لسٹ جاری کردی جس کے مطابق العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی اپیل 29 اکتوبر کو سماعت کے لیےاسلام آباد ہائیکورٹ میں مقرر کر دی گئی ہے جبکہ نیب کی نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لئے اپیل بھی 29 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ 24دسمبر 2018 کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنائی تھی اورنواز شریف کو 100 سے زائد سماعتوں کے بعد سات سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزاسنائی گئی تھی۔یکم جنوری 2019 کو نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں فیصلہ کالعدم قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور 9جنوری کو نواز شریف کی اپیل پر پہلی سماعت ہوئی تھی۔نواز شریف کی سزا کالعدم دینے کی اپیل پر اب تک 11 سماعتیں ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز6 جولائی کو پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کے حوالے سے جج ارشد ملک کی مبینہ طور پر ایک خفیہ ویڈیو منظر عام پر لائیں تھیں،جس میں جج ارشد ملک کو مبینہ طور پر لیگی کارکن ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران العزیزیہ کیس کے فیصلے سے متعلق باتیں کرتے دکھایا گیا تھا۔