مولانا کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کیلئے نہیں چوروں کی آزادی کیلئے ہے۔ فردوس عاشق اعوان
وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی گفتگو کے بعد فضل الرحمان کے مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے،ثابت ہوگیا کہ ان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کیلئے نہیں چوروں کی آزادی کیلئے ہے۔ وہ مظلوموں اور بے کسوں کےلئے نہیں بلکہ کرپشن کنگز کے سیاسی و معاشی روزگار کو تحفظ دینے کےلئے باہر نکلے رہ ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں۔کبھی بال شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے تو کبھی نواز شریف کے پاس۔تاہم دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں۔آج ماڈل ٹاﺅن میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جانتے ہیں کہ فضل الرحمان سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں جس کے حصول کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈاون نہ کریں۔ اندرونی اور بیرونی آقاوں کی خوشنودی کیلئے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے دن کو سیاست کے لئے چنا گیا۔