مل کر نیا پاکستان بنا سکتے ہیں جس کی بنیاد سائنس و ٹیکنالوجی پر ہوگی: فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مل کر نیا پاکستان بنا سکتے ہیں، اس کی بنیاد سائنس و ٹیکنالوجی پر رکھنی ہوگی۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کو بنیاد بنائے بغیر ترقی نہیں کی جا سکتی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بائیو اکانومی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بیٹری اسٹوریج پر کام نہ کیا تو پیچھے رہ جائیں گے، توانائی کے شعبے کا مستقبل بیٹری سے جڑا ہوا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چین 2030 تک جی ڈی پی کا 30 فیصد بائیو اکانومی پر لے جائے گا، ہم 2030 تک جی ڈی پی کا 4 فیصد بائیو اکانومی پر لے جائیں گے، جہلم میں بائیو ٹیکنالوجی پارک بنانے جا رہے ہیں۔ سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت عدم توجہ کا شکار رہی۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ٹیکنالوجی بیس ہوگا۔ سائنس منسٹر کو سر کھپانا پڑتا ہے کہ چاند دوربین سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، اس سے اندازہ کرلیں کہ ہم کتنا پیچھے ہیں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کو بنیاد بنائے بغیر ترقی نہیں کی جا سکتی۔