خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 5000 سے تجاوز کر گئی
اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں ڈینگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد 5000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 75 نئے کیسسز کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ پشاور میں آج سے ڈینگی وائرس سے متعلق آگہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق 5 روز جاری رہنے والی ڈینگی آگاہی مہم 9 حساس یونین کونسلز میں چلائی جائےگی جس میں 55000 گھروں میں ڈینگی لاروا کا تدارک بھی شامل ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر ادارے مہم کی نگرانی کریں گے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق 2155 کیسسز کے ساتھ پشاور رواں سال خیبر پختونخوا کا سب سے متاثرہ ضلع قرار دیا گیا ہے۔ شہر اقتدار بھی ڈینگی کے اثر سے نہیں نکل سکا ہے۔ پمز اسپتال میں 24 گھنٹوں میں 2000 مشتبہ ڈینگی مریضوں کو لایا گیا جب کہ مزید 250 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔