سعودی عرب : اسکول گارڈ بچوں کو بچانے کیلئے آگ میں کود گیا
ریاض : سیکیورٹی گارڈ نے اسکول کے بچوں کو بچانے کیلئے اپنی زندگی داؤ پر لگا دی، آگ بجھانے کے دوران خود بھی جھلس گیا، زخمی حالت میں اسپتال داخل کرادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے جنوبی صوبے جازان میں گرلزاسکول کے گارڈ نے دلیری کا مظاہرہ کرکے گرلز اسکول اور خواتین عملے کو بچالیا۔ گرلز اسکول کے الیکٹرک میٹر روم میں آگ لگ گئی تھی جس کو بجھاتے ہوئے سیکیورڑی گارڈ سعد ربیع خود بھی جھلس کر زخمی ہوگیا، الیکٹرک میٹر روم اسکول کے احاطے میں واقع ہے۔، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گارڈ نے ہمت سے کام لیتے ہوئے آگ کو بجھایا اور الیکٹرک میٹر روم میں موجود فرنیچر تیزی سے باہر نکالا اس دوران اس کے ہاتھ آگ سے جھلس گئے تھے۔ زخمی گارڈ کو فوری طبی امداد کیلئے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، گرلز اسکول کے گارڈ سعد ربیع نے بتایا کہ آتشزدگی کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسکول کھلا ہوا تھا اور وہاں استانیاں بھی موجود تھیں۔