وزیراعظم عمران خان نے معیشت کے حوالے سے قوم کو بڑی خوشخبری سنادی
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ستمبر2020 میں ترسیلات زر 2.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں،الحمدللہ، لگاتار چوتھا مہینہ ہے کہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معیشت کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ کورونا وبا کے باوجود ہماری معیشت کیلئےمزید خوشخبری، ستمبر2020 میں ترسیلات زر2.3ارب ڈالرتک پہنچ گئی ہیں، ترسیلات زرگزشتہ ستمبرسے 31 فیصد، اگست2020 سے 9 فیصد زائد ہیں، الحمد للہ، لگاتار چوتھا مہینہ ہے کہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔ خیال رہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ستمبر 2020 میں ترسیلات زر کا حجم گزشتہ سال کے مقابلے اکتیس فیصد سے زائد اضافے سے دو ارب اٹھائیس کروڑ سینتیس لاکھ ڈالرز رہا ، جو اگست دو ہزار بیس کے مقابلے نو فیصد زائد ہیں ۔