ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیراعظم کا اختیار ہے، قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طویل نشست ہوئی، نئے ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کیلئے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رات کو وزیراعظم اور آرمی چیف کی طویل نشست ہوئی، وزیراعظم اور آرمی چیف کے بہت قریبی تعلقات ہیں، کبھی بھی وزیراعظم آفس ایسا قدم نہیں اٹھائےگا جس سے فوج یا سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور نہ فوج ایسا قدم اٹھائے گی جس سے وزیراعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی آئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی طریقہ کار اپنایا جائےگا، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیلئے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔