وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جنیوا کے3 روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جنیوا کے3 روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے جھوٹے دعویداربھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مظالم پر دنیا بھر میں بھارت کو تنقید کا سامنا ہے، کشمیری بھائیوں کو باورکرانا چاہتے ہیں کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیری بھائیوں کوباورکروانا چاہتے ہیں کہ وہ جدوجہد میں تنہا نہیں۔، انشااللہ ہرفورم پرکشمیریوں کے حقوق کے لئے آوازبلند کرتے رہیں گے جب کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، آئینی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر پاکستان کو اس وقت بڑی سفارتی کامیابی ملی جب انسانی حقوق کونسل نے بھارت سے پانچ مطالبات پورے کرنے کا کہا ۔کونسل نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں سے آزادی نہ چھینی جائے اور گرفتار رہنماں کو بھی رہا کیا جائے۔بھارت عالمی میڈیا اورانسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ علاقوں تک رسائی دے۔کونسل نے اپنے تیسرے مطالبے میں بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کمیونیکیشن بلیک آوٹ ختم کرنے کا کہا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جو سب بڑی اور اہم کامیابی ہمیں ملی وہ یہ ہے کہ 58 ممالک نے پاکستان کی حمایت میں اپنا مشترکہ بیان جاری کیا۔