ہماری بدقسمتی ہے کہ مخالف کم ظرف ہے،کچھ نہ کھا صرف تبدیلی کھا،کھانے پینے کی اشیا مہنگی کر دی گئیں: ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب
مسلم لیگ(ن)لیکی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا مخالف کم ظرف ہے، کچھ نہ کھا صرف تبدیلی کھا، کھانے پینے کی اشیا مہنگی کر دی گئیں، لوگوں کو کہتے ہیں ٹیکس دو، دوسری طرف بااثر افراد کو اربوں روپے معاف کر دئیے گئے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ(ن)کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کو 55جبکہ مفتاح اسماعیل کو 37 دن ہو گئے لیکن 55دن کے بعد بھی نیب ریفرنس دائر نہیں کر سکا،احتساب عدالت کے اندر آج بھی کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکا۔ شاہد خاقان عباسی نے سستا ترین ایل این جی ٹرمینل لگایا اس وجہ سے انہیں سزا ملی، عمران الحق کو دوستی کی وجہ سے ایم ڈی لگانے کے الزام پر ریفرنس بنایا جا رہا ہے ، عمران الحق ایک پروفیشنل ہیں لیکن جتنے لائق لوگ ہیں وہ اب جیل یا نیب کی حراست میں ہیں، جب تک نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ حکومت رہے گی یہ سب اندر ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہا شاہد خاقان پر الزامات بے بنیاد ہیں، وہ وکیل کریں گے نہ اپیل اور نہ ہی ضمانت کی درخواست دیں گے۔ انہوں نے کہا جتنی مرضی گرفتاریاں کرلیں مسلم لیگ ن کا ہر ورکر شیر ہے اور ہر بیٹی مریم نواز ہے،مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں نااہلی اور نالائقی کا دور ہے، تبدیلی کے دعویدار کہتے ہیں کہ روٹی نہیں تبدیلی کھا، ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 13فیصد ہو گئی ، کاروباری طبقے کو چھوٹ دے دی جاتی ہے اور ایتھنول کی مد میں سالانہ 4 ارب روپے معاف کر دیئے گئے۔رہنما(ن)لیگ کا کہنا تھا کہ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے عوام کی خدمت کی، چھوٹی ذہنیت کے وزیر اعظم نے حمزہ شہباز شریف کا کھانا بند کر دیا، ہماری بدقسمتی ہے ہمارا مخالف کم ظرف ہے، وزیراعظم کا وژن ہے کہ نوازشریف کا اے سی بند کریں گے، نوازشریف کا مقصد پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے، ان ہتھکنڈوں سے نوازشریف مزید مضبوط ہوگا، ڈیل کی باتیں وہ لوگ کرتے ہیں جن سے مسلم لیگ(ن) ٹوٹی نہیں، مسلم لیگ ن عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی۔ کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے سے متعلق خبروں پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ کراچی میں اختیارات کے معاملے پر وزیر قانون کا آرٹیکل 149لاگو کرنے کا بیان حیران کن ہے ، پاکستان میں ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، حکومت اب کراچی کے اندر بھی ڈاکہ ڈالنے لگی ہے۔