موٹروے زیادتی کیس میں ابھی تک کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا : آئی جی پنجاب
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی ) پنجاب انعام غنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کیس کی تفتیش کو خود مانیٹر کر رہا ہوں اور کسی کامیابی پر میڈیا کو خود آگاہ کریں گے۔ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا چلنے والی خبریں غلط اور حقائق کے منافی ہیں ۔ ایسی غیر تصدیق شدہ خبریں نہ صرف کیس پر اثر انداز ہوتی ہیں بلکہ عوام کے لیے بھی گمراہ کن ہیں ۔آئی جی پنجاب کامزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ملزمان اور خاتون کی جو تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں وہ بھی غلط اور جعلی ہیں ۔ میری میڈیا کے نمائندوں سے گزارش ہے کہ وہ تصدیق کے بغیر کوئی خبر نہ چلائیں ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر اعتماد رکھیں ہم جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیں گے ۔اس سے قبل پولیس نے موٹر وے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا تھا اور ان سے بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست کی تھی لیکن متاثرہ خاتون کے اہل خانہ نے فوری بیان ریکارڈ کروانے سے معذرت کر لی تھی ۔ اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ اس وقت وہ بیان ریکارڈ کروانے کی پوزیشن میں نہیں ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ خاتون کی حالت سمجھتے ہیں جب ممکن ہوا ان کا بیان لے لیں گے ۔