لاہور ہائیکورٹ: مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست ایک مرتبہ پھر سماعت کیلئے مقرر
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کی عدالتی تحویل سے پاسپورٹ واپسی کی درخواست ایک مرتبہ پھر سماعت کے لیے مقرر کردی گئی اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بینچ سماعت کرے گا۔لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دے دیا اور وہ خود بینچ کی سربراہی کریں گے۔فل بینچ میں شامل دیگر ارکان میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ شامل ہیں اور مریم نواز کی درخواست پر 14 ستمبر کو سماعت ہو گی۔اس سے قبل گزستہ ہفتے لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے ایک رکن نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی تھی۔لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کے لیے جسٹس باقر نجفی کی سربراہ میں 2 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا جس میں جسٹس انوار الحق پنوں بھی شامل تھے۔بعد ازاں جسٹس انوار الحق نے مریم نواز کا کیس سننے سے معذرت کرلی تھی جس پر مریم نواز کی درخواست چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوادی گئی تھی۔خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے عدالتی تحویل سے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔