قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشارت پرشکوک و شبہات ہیں، اس قرارداد کی دھجیاں بکھیری گئیں تو نون لیگ اسے قبول نہیں کرے گی۔ شہبازشریف
لاہورمیں کالج آف سرجن اینڈ فزیشنز کے چھیالیسوں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اس میں موجود تمام جماعتوں نے متفقہ طور پر ان سفارشات کی منظوری دی ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان سفارشات پر عملدرآمد کا انتظار رہے گا ، شہبازشریف نے کہا کہ قرارداد کی منظور کے باوجود پنجاب حکومت اغیار کی امداد نہ لینے کے فیصلے پر کاربند رہے گی۔ اس سے قبل کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں بھارت اوربنگلہ دیش سےوفود بھی آئے ہیں جو خوش آئند ہے، شہبازشریف نےکہا کہ وہ سیاست سے ہٹ کر کہتے ہیں کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں پاکستان اور بھارت کو آگے بڑھنے کیلئے کشمیر اور پانی سمیت تمام تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کو جنگ کی بجائے تعلیم،صحت،تجارت،معیشت اوردیگر میدانوں میں ایک دوسرے کا مقابلہ کرنا چاہیئے،پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں دونوں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے رہے مگر کامیاب ہوئے نہ آئندہ ہوں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان آکر لاہور کراچی ، پشاور اور کوئٹہ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے چاہئیں، شہبازشریف نے کہا کہ ایران اور کیوبا نے مسائل اور پابندیوں کے باوجود صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اپنا لوہا منوایا ہمیں ان ممالک کواپنے لئے رول ماڈل بنانا چاہیئے۔