ایک عدالتی فیصلے کے تحت قومی رہنما کو ملک و قوم کی خدمت سے روک دیا گیا۔ شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان اور پاکستانی قوم کیلئے ایک آزمائش کا دن ہے جب ایک عدالتی فیصلے کے تحت پاکستان کو ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ناقابلِ تسخیر قوت بنانے والے ایک ایسے قومی رہنما کو ملک و قوم کی خدمت سے روک دیا گیا ہے جسے پاکستان کے عوام تین مرتبہ اپنا وزیراعظم منتخب کر چکے ہیں ۔
آج یہاں سپریم کورٹ کی طرف سے سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے خلاف تاحیات نا اہلی کے فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں۔یہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت ، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراوروزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ محمدنواز شریف جیسے رہنما اپنی جماعت اور اپنی عوام کی رہنمائی کیلئے کسی روایتی عہدے اور منصب کے مرہون منت نہیں ہوتے ۔ اس فیصلے کے باوجودمحمد نوازشریف کی جماعت ان کی رہنمائی میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر زندہ ہے اور زندہ رہے گی ۔