ملک کے کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ،مگر شہر قائد میں گرمی راج
کراچی میں گرمی کی لہربدستور برقرار ہے تاہم محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کو تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ظاہر کیاہے۔دوسری جانب اسلام آباد، لاہور سمیت کئی شہروں میں ہلکی و تیزبارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ روز تک پنجاب ،خیبر پختون، بلوچستان، کشمیر، گلگت، بلتستان میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔اطلاعات کے مطابق ہفتے کو اسلام آباد، لاہور،قصور، میاں چنوں، شورکوٹ میں بوندا باندی ہوئی ۔ جب کہ بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، ساہیوال، اور وہاڑی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ کوئٹہ، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔