وزیر اعلٰی پنجاب کابیساکھی میلے میں شرکت کیلئے پنجاب آمد پر سکھ یاتریوں کو خوش آمدید
لاہور : وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سکھ برادری کی سہولت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کرتارپور کوریڈور کھولنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں، سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور بھائی چارے کا مثبت پیغام لے کر جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کیلئے پنجاب آمد پر سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ بیساکھی کے موقع پر سکھ برادری کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا سکھ برادری کی خدمت کر کے خوشی ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے تحت برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا نیا پاکستان تحمل، برداشت، بھائی چارے اور یگانگت کے سنہرے اصولوں پر چل رہا ہے۔ سکھ برادری کی سہولت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کرتارپور کوریڈور کھولنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی پر یقین رکھتی ہے، سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور بھائی چارے کا مثبت پیغام لے کر جائیں گے۔