گجرات، پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید

گجرات،راولپنڈی (صباح نیوز)گجرات کے پاس پاک فضائیہ کا تربیتی مشاق طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2پائلٹ شہید ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق گجرات کے قریب گائوں چوپالامیں پاک فضائیہ کا تربیتی مشاق طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ حادثے میں انسٹرکٹر میجر عمر اور تربیت پانے والے لیفٹیننٹ فیضان شہید ہوئے۔ مشاق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران یہ ناخوش گوار واقعہ پیش آیا، میجرعمر گجرات اور لیفٹیننٹ فیضان کلر کہارچکوال کے رہنے والے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عمر انسٹرکٹر پائلٹ تھے ، ان کے سوگواروں میں ان کی بیوہ شامل ہیں۔۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ، حادثہ کی وجوہات جاننے کیلئے ثبوت وشواہد جمع کرنے شروع کردیئے ،واقعہ کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئیں ۔