وزیراعظم کا خطاب ترقی پزیر ممالک کی آوازتھا، فیاض الحسن چوہان

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کا عالمی برادری سے خطاب تمام غریب اور ترقی پذیر ممالک کی آواز تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے معاشی طور پر مستحکم ممالک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں اورغریب ممالک میں کورونا اور قرضوں کی وجہ سے معاشی و معاشرتی حالات ابتر ہو رہے ہیں، دنیا بھر میں معاشی سرگرمیوں میں کمی آنے سے غریب ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل میں کورونا کے خلاف بہترین اقدامات کررہا ہے،جزوی اور کلسٹر لاک ڈائون کا مقصد معاشی سرگرمیوں کو کم سے کم متاثر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے متاثرہ کمزور ترین طبقوں کے لیے احساس پروگرام کے تحت رقوم اور راشن کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان میں اب تک کورونا کے ایک ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔