لاہور: (ن ) لیگ رہنما اور کارکنان عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کر دیں ،شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنان کو عوام کی مدد کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا جس تیزی سے پھیل رہا ہے اتنی ہی تیزی سے لوگوں کی مدد کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ عوام کی خدمت کے لیے خود کو وقف کر دیں۔ اس وقت عوام کے بجائے اللہ کی نظر میں اپنا مقام بنانے کی کوشش کریں۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاموشی سے لیکن تیزی کے ساتھ عوام کی مدد کی حکمت عملی اختیار کریں،عوام کی مدد کے لئے خود بھی حصہ لیں اور مخیر حضرات کی بھی حوصلہ افزائی کریں۔ رمضان شریف کو عوام کی خدمت اور مدد کا مہینہ بنا لیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت اس وقت سب سے بڑا فرض اور عبادت ہے۔ دین اور دنیا کمائیں گے تو جنت اور غریبوں، سفید پوش عوام کے دل میں گھرپائیں گے۔ انسانیت کی خدمت پر توجہ مرکوز کرلیں۔ جبکہ شہبازشریف نے پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے اور اس میں دو پائلٹس کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عمر اور لیفٹیننٹ فیضان کی شہادت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں ۔ شہید اپنے لہو کے نذرانوں سے قوم کو حیات دیتے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔ اللہ تعالی شہداکے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔