پاک بحریہ کے سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 20-2019 کا انعقاد
کراچی (13 اپریل 2021): پاکستان نیوی کا سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 20-2019 کراچی میں منعقد کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سالانہ سیفٹی ریویو پاک بحریہ کی باقاعدہ سرگرمی ہے جس کا مقصد سروس میں سیفٹی کلچر کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر گزشتہ برس میں سیفٹی سے متعلق اقدامات اور واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے جامع تجزیہ کیا جاتا ہے اور اہم اسباق اخذ کئے جاتے ہیں. حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے پیشہ ورانہ خطرات پر قابو پانے اور حادثات سے بچنے کے لئے حفاظتی ہدایات اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمدکو یقینی بنانے پر زور دیا۔ امیرالبحر نے زور دیا کہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونا پیشہ ور فوج کا ایک لازمی وصف ہے جس سے نہ صرف اس کی آپریشنل قابلیت کو بڑھایا جا سکتا ہے بلکہ اس کے اہلکاروں اوراثاثوں کو بھی نقصان سے بچایا جا سکتا ہے. نیول چیف نے کام کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے اور بالخصوص کرونا کی وبائی صورتحال میں حفاظتی اقدامات پر تمام فیلڈ کمانڈز کی تعریف کی۔امیر البحر نے سروس میں سیفٹی کلچر کو نافذ کرنے اوراسے یقینی بنانے میں افسران اور جوانوں کی کاوشوں کو سراہا۔