کامیابی کے حصول تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہفتہ کی رات بم دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔ وزیراعلی بلوچستان ثنااللہ زہری، گورنرمحمدخان اچکزئی، وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، دیگر سول اور فوجی حکام نے بھی شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سپہ سالار پاک فوج سی ایم ایچ کوئٹہ کینٹ بھی گئے جہاں انہوں نے بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ بعدازاں آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں کوئٹہ بم دھماکے بارے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سپہ سالار پاک فوج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے کامیابی کی حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ملکی اداروں میں اتحاد اور تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستانی قوم شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم آزادی منائے گی جنہوں نے وطن میں امن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔