ترکی اور ایران امریکا کی غلامی قبول نہیں کر ینگے۔ ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ترکی اور ایران امریکا کی غلامی قبول نہیں کرینگے ، امریکی پابندیوں کے جواب میں ایران ترکی کو تمام طرح کی مدد فراہم کرے گا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی پابندیوں کے جواب میں ایران ترکی کو ہرممکن سہولت اور تمام طرح کی مدد فراہم کرے گا۔انہوں نے ترکی کے خلاف امریکی سازشوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تہران امریکا کی ترکی کے خلاف جارحانہ پالیسی پر انقرہ کے ساتھ ہے۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے اور آنے والے دنوں میں تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کی ترکی کے خلاف پابندیاں بری طرح ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مسلمان ممالک کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے مگر ایران اور ترکی امریکا کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ادھر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ایک ٹویٹر بیان میں کہا ہے کہ ترکی امریکا کا نیٹو میں حلیف ہے اور اسے اقتصادی مسائل میں ڈال کرامریکا کا خوش ہونا شرمناک ہے۔