بی آر ٹی پشاور میں سفر کرنےکیلئے اہم معلومات
پشاور: وزیراعظم عمران خان آج پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے افتتاح کریں گے جس کو ڈھائی سال میں مکمل کیا گیا ہے۔ بی آر ٹی پشاور کا ٹریک ستائیس کلو میٹر طویل ہے۔ جس پر 220 ائیر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی۔ عوام کی سہولت کے لیے سات اور اکتیس اسٹاپ کے دو روٹ رکھے گئے ہیں اور بس کا ابتدائی کرایہ صرف دس روپے ہے۔ بی آر ٹی روٹ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ تک جاتا ہے۔ ٹریک پر بسیں ہفتے کے ساتوں دن صبح چھے سے رات دس بجے تک چلیں گی۔ عوام کی سہولت کے لیے ایک ہی ٹریک پر دو روٹ متعارف کرائے گئے ہیں۔ چمکنی سے کارخانو مارکیٹ کا ایک روٹ سات اسٹاپ پر مشتمل ہے اور 45 منٹ میں سفر طے ہو گا۔ دوسرے روٹ پر 31 اسٹاپ رکھے گئے ہیں اور یہ سفر ایک گھنٹے میں طے ہو گا۔ پہلے پانچ کلومیٹر سفر کا کرایہ دس روپے رکھا گیا ہے۔ ہر پانچ کلومیٹر کے بعد کرائے میں پانچ روپے اضافہ ہو گا۔ بی آر ٹی روٹ کے ساتھ سائیکلنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے۔ پانچ مقامات سے فیڈر روٹس کے ذریعے رسائی دی گئی ہے۔ بسوں اور پلیٹ فارمز پر وائی فائی سمیت جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ بی آر ٹی پشاور میں سائیکلنگ ٹریک بھی بنایا گیا ہے جو اسے دوسری میٹرو سروسز سے ممتاز بناتا ہے۔ پہلے مرحلے میں پشاور یونیورسٹی سے حیات آباد تک سائیکلنگ کی سہولت دی گئی ہے۔