بلوچستان:سیلابی ریلے سے متاثرہ گیس پائپ لائن 6 روز بعد بھی بحال نہ ہوسکی
بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے بی بی نانی میں سیلابی ریلے سے متاثرہ گیس پائپ لائن 6 روز بعد بھی بحال نہیں ہوسکی، جس سے کوئٹہ کو جزوی اور مستونگ، پشین اور زیارت کو سوئی گیس کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے۔بی بی نانی کے قریب سوئی گیس کے متاثرہ گیس پائپ لائنوں کی مرمت اور بحالی ابھی تک مکمل نہیں ہوسکی ہے، متاثرہ لائنوں سے منسلک کوئٹہ کو جزوی اور پشین، مستونگ اور قلات کو گیس کی مکمل فراہمی معطل ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث بولان کیعلاقے میں کندلانی اور بی بی نانی میں تین پائپ لائنیں متاثر ہوئی تھیں۔کندلانی میں متاثرہ پائپ لائن کا کام دو روز قبل مکمل کرلیا گیا تھا جبکہ بی بی نانی پل کے قریب متاثرہ گیس پائپ لائنوں کی مرمت کاکام جاری ہے۔