پاکستان سٹیزن پورٹل پررجسٹرڈ شہریوں کی تعداد28 لاکھ تک پہنچ گئی
پاکستان سٹیزن پورٹل پر رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 28 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے آج جاری کئے گئے ماہانہ اعداد و شمار کے مطابق پندرہ لاکھ افراد نے پورٹل پر اپنی رائے کا اظہار کیا جبکہ اس شکایات کے ازالے کے نظام سے لاکھوں افراد استفادہ کرچکے ہیں۔ وزیراعظم آفس نے کہا کہ بیرون ملک مقیم دس لاکھ سات ہزار پانچ سو پچپن افراد کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاکھوں افراد نے اس نظام کے ذریعہ ریلیف ملنے کی تصدیق کی ہے ۔علاوہ ازیں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد نے اپنے مسائل پر توجہ دلانے کے لئے پورٹل پر کمنٹس کیے۔ اعداد و شمار کے مطابق ، پورٹل پر رجسٹرڈ23 لاکھ شکایات میں سے 22 لاکھ کو متعلقہ حکام نے حل کیا ۔ صوبوں کے حساب سے 1038351 میں سے اب تک 976482 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ ان شکایات میں جن میں پنجاب کی 976482 ، خیبر پختونخوا کے 266,276 ، سندھ کے 149,898 اور بلوچستان 20,031اور وفاق 781,094شامل ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی 107,555 شکایات پر بروقت توجہ دی گئی۔ وزیر اعظم آفس نے بتایا کہ سیٹیزن پورٹل پر عوام کے اعتماد کی وجہ سے ہی یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آواز بن گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے یکم نومبر کو پاکستان سٹیزنز پورٹل قائم کیا تھا اور یہ عوامی سطح پر متعدد سرکاری محکموں کے خلاف شکایات درج کرنے کے لئے استعمال کیا جانے والا مقبول پلیٹ فارم بن گیا ہے۔یہ پورٹل شہریوں کو اپنی شکایات اعلی عہدیداروں تک پہنچانے کے لیے بنایا گیا ہے ۔