بہت ُپراعتمادہوں کہ پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی : شاہد آفریدی
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی تجربہ کار ہیں، میں بےحد ُپراعتماد ہوں کہ پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی ۔ قومی کرکٹراورسابق کپتان شاہد آفریدی نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نسیم شاہ اورشاہین آفریدی سےبڑی توقعات ہیں، دونوں باصلاحیت نوجوان ہیں اور ان میں انرجی بھی ہے ۔ ہمارا اسکواڈاچھا ہے اورٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑی تجربہ کار ہیں ۔ بابر اعظم باصلاحیت ہے، وہ ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہےاور انہیں ٹیم کے لیئے لمبی اننگز کھیلنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کرکٹر سے موازنے سے قبل بابر اعظم کو میچ ونر بننا چاہیئے، میچ ونر بننے کے بعد جو روٹ اور ویرات کوہلی جیسے کھلاڑیوں سے موازنہ ہو سکتا ہے۔ جوروٹ ، ویرات کوہلی ، اسٹیون اسمتھ اوراے بی ڈویلئیرز کی طرح بننے کے لیئے ففٹیز کو ہنڈرڈز میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کی اپنی کارکردگی بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ وہ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اظہر علی کی پرفارمنس میں تسلسل نہیں ہے لیکن جب ہارتے ہیں تو تنقید کپتان پر ہی ہوتی ہے ۔ وسیم اکرم اور وقار یونس بننے کے لیئے انہیں میچ جتوانے ہیں اور کارکردگی میں تسلسل لانا ہے ۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ آج ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔