سینئر بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب،کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج
پاکستان نے آج (جمعرات) ایک سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ اسلام آباد طلب کیا اور اس مہینے کی بارہ تاریخ کو قابض بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا ۔ اس خلاف ورزی کی وجہ سے دو بے گناہ شہری شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ دفترخارجہ نے ایک بیان میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات طے ہے کہ اس قسم کے بھونڈے اقدامات 2003 کے جنگ بندی کے معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہیں اور یہ تمام انسانی اقدار اور پیشہ وارانہ فوجی روایات کے منافی ہیں۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کرکے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا ۔