وزیراعظم کی تعمیراتی شعبے کے تمام مراحل میں نظام کو خودکار،ڈیجیٹل اورآسان بنانے کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کے تمام مراحل میں نظام کو خودکار، ڈیجیٹل او رآسان بنانے پر پوری توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ بات آج (جمعرات) اسلام آباد میں ہائوسنگ، تعمیرات اور ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین نے وزیراعظم کو بتایا کہ ایف بی آر نے تعمیراتی منصوبوں اور ٹھیکیداروں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا نظام متعارف کروایا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کی جاسکے۔ بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں این او سیز اور دوسرے معاملات کی منظوری کی مدت کم کرکے بیس دن کردی گئی ہے۔