پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید کشیدگی سے روکنے کے لئے امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے بند کردیئے گئے ہیں۔ امریکی اخبار

امریکی اخبار لانگ وارجرنل نے امریکی انٹیلی جنس عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈرون حملوں کی صورت میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ جائیں گے۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم نہیں جانتے کہ پاکستان کس حد تک دباؤ برداشت کرسکتاہے تاہم کسی ہائی ویلیو ٹارگٹ کی موجودگی کی صورت میں ڈرون حملہ کرنے پرغورکیاجاسکتا ہے تاہم اخبار کی طرف سے ہائی ویلیو ٹارگٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر اہلکار نے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔پاکستان میں آخری ڈرون حملہ سترہ نومبر کو کیاگیا تھا۔ واضح رہے کہ چھبیس نومبر کو نیٹو حملوں میں چوبیس پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بعد پاکستان نے نیٹو سپلائی بند کرنے کے علاوہ بون کانفرنس کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔