ترکی کے دارالحکومت استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی سربراہ اجلاس شروع ہوگیا
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا غیر معمولی سربراہ اجلاس بدھ کو ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہوگیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ یہ اجلاس امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارت خانہ وہاں منتقل کرنے کے فیصلے کے ردِ عمل میں طلب کیا گیا ہے۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق تاریخی شہر استنبول میں او آئی سی کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، فلسطین، گنی، ایران، قطر، کویت، لیبیا لبنان، صومالیہ، سوڈان، ٹوگو، اردن، یمن، جبوتی اور ملائیشیا کے سربراہان شرکت کررہے ہیں جبکہ اومان، کے نائب وزیراعظم کے علاوہ قازقستان اور ازبکستان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کررہے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے القدس کو اسرائل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے کی فیصلے پر ردِ عمل ظاہر کیا جائے گا۔ مبصر ممالک میں سے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر مصطفےٰ آکن جی اور مہمان صدر کے طور پر وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔