محمد حفیظ باﺅلنگ ایکشن کی درستگی کےلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ باﺅلنگ ایکشن کی درستگی کےلئے انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ محمد حفیظ کے مشکوک باﺅلنگ ایکشن کو درست کرنے کےلئے بائیو مکینسٹ ڈاکٹر پال ہورین اور باﺅلنگ کوچ کیرل کرو انگلینڈ میں ان کے باﺅلنگ ایکشن کا جائزہ لیں گے ۔ وہ سنیل نارائین کے باﺅلنگ ایکشن پر بھی کامیابی سے کام کرچکے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے باﺅلنگ کوچ اظہر محمود جو کہ پہلے ہی انگلینڈ میں موجود ہیں ان کے باﺅلنگ ایکشن کے جائزہ کے دوران وہاں موجود ہوں گے۔ بائیو مکینسٹ ڈاکٹر پال اور کیرل کرو محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن کا جائزہ لینے کے بعد اس کی درستگی کےلئے ایک ایکشن پلان بنائیں گے جس پر اظہر محمود، علی ضیا، سجاد اکبر، سلیم جعفر اور علیم ڈار پر مشتمل کمیٹی عمل در آمد کروائے گی۔ کمیٹی پی سی بی کے محمد حفیظ کو باﺅلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کےلئے انٹرنیشنل لیبارٹری میں بھجوانے سے قبل پی سی بی کی بائیو مکینک لیب میں ان کے باﺅلنگ ایکشن کا ٹیسٹ بھی لے گی۔ محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن پہلی بار 2014ءمیں رپورٹ ہوا تھا۔ اسی سال دسمبر میں انھیں باﺅلنگ سے روک دیا گیا۔ اصلاح کے بعد اپریل 2015ءمیں حفیظ کو دوبارہ ایکشن میں آنے کی اجازت دیدی گئی۔ واضح رہے کہ جون 2015ءمیں آف سپنر کا ایکشن پھر رپورٹ ہوا، سال میں دوسری بار گرفت میں آنے کی وجہ سے جولائی میں ان پر 12 کی پابندی عائد ہوئی۔ یہ مدت پوری ہونے کے بعد اصلاح کیلئے کام کیا اور باﺅلنگ کی دوبارہ اجازت مل گئی، مگر رواں سال اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف یواے ای میں ون ڈے سیریز کے دوران دوبارہ رپورٹ ہونے پر وہ آل راو¿نڈر کا اسٹیٹس کھو بیٹھے تاہم کیریئر میں 3 بار پابندی کا شکار ہونے والے محمد حفیظ ایک بار پھر کلیئرنس پانے کی کوشش میں انگلینڈ روانہ ہوگئے۔ محمد حفیظ 17دسمبر کو وطن واپسی کیلئے اڑان بھریں گے۔