پاک فوج فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے، فاٹا کے عوام نے قیام امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں, آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آئی ایس پی آر میں قبائلی عمائدین اور قبائلی یوتھ جرگہ نے الگ الگ ملاقاتیں کی، آرمی چیف نے دونوں وفود سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا، قبائلی وفود نے فاٹا میں قیام امن اور معاشی ترقی کیلئے پاک فوج کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا، وفود نے فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا،آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عمائدین اور نوجوانوں کے پاک فوج کے ساتھ تعاون کی تعریف کی، اور ان کے فاٹا کے حوالے سے مشوروں کو غور سے سنا، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ فاٹا کے قبائلی عوام کی قربانیوں کے باعث ہم دائمی امن کی جانب بڑھ رہے ہیں، آرمی چیف نے ان ملاقاتوں میں پاک افغان سرحد پر سکیورٹی صورتحال پر افغان حکام سے ہونے والے رابطوں سے بھی آگاہ کیا، آرمی چیف نے دونوں وفود کو یقین دلایا کہ پاک فوج فاٹا کو وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے، انہوں نے نوجوانوں کو کہا کہ وہ قیام امن اور ترقی کے عمل میں حصہ لیں کیونکہ وہی پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں