ویسٹ انڈیز کو فیصلہ کن ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کرینگے۔ شکیب الحسن

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر شکیب الحسن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ویسٹ انڈیز ٹیم کو فیصلہ کن ون ڈے میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کالی آندھی کے خلاف ون ڈے سیریز کے دونوں میچوں میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کے ہاتھوں دوسرے میچ میں شکست پر بہت مایوسی ہوئی تاہم ان کی ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور مہمان ٹیم کو میچ میں نہ صرف شکست دینگے بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرینگے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کےلئے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ جمعہ کو سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔