شہبازشریف سے حکومتی وفد کی ملاقات، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پرمشاورت
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے حکومتی وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پبلک اکائونٹس کمیٹی اورقائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پرمشاورت کی گئی۔ حکومت نے ماضی میں کئے بلند بانگ دعوئوں کے باوجود یو ٹرن لیتے ہوئے چیئرمین پبلک اکائو نٹس کمیٹی کی نامزدگی کا اختیار بھی اپوزیشن لیڈر کو دے دیا۔قومی اسمبلی اجلاس کے بعد حکومتی وفد شہبازشریف سے ملاقات کیلئے ان کے چیمبر گیا اور ان سے پبلک اکائونٹس کمیٹی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی مشاورت کی۔ حکومتی وفد میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر پارلیمانی امورعلی محمد خان اورعامر ڈوگر شامل تھے۔قبل ازیں حکومت یوٹرن لیتے ہوئے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی کی نامزدگی کا اختیار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو دے دیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ لیگی دور حکومت کے معاملات دیکھنے کیلئے ذیلی کمیٹی بنا دیتے ہیں، قائمہ کمیٹیاں بنیں گی تو ایوان چلے گا۔بعد ازاں اپوزیشن نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا، اپوزیشن رکن اسمبلی ایاز صادق نے اپنے خطاب میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت میں پہلا خوبصورت یوٹرن لیا ہے۔