حکمران اتحاد میں شامل رہنماؤں نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ قاف کےصدرچوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عدالت جو کہے گی اس کے حکم پرعمل کیا جائے گا، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پہلے بھی پانچ سال جیل کاٹ چکے ہیں لہٰذا انہیں کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا اگر نئے وزیراعظم کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی پیپلزپارٹی سے ہونا چاہیئے۔ سپریم کورٹ کے باہربات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ اسفند یارولی نےکہا کہ وزیراعظم گیلانی ان کے وزیراعظم ہیں ، انہیں دوستوں والا مشورہ ہی دیا ہے۔ وفاقی وزیرقانون مولا بخش چانڈیو نے کا کہنا تھا کہ عدلیہ کا احترام ہردل عزیز ہے،اسلامی ایٹمی طاقت کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے وزیراعظم کا عدالت میں پیش ہونا اُس کی واضح دلیل ہے،انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنی ذمہ دارریاں پوری کرنی ہوں گی۔ وفاقی وزیرمذہبی امورسید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئین سے ہٹ کرکوئی کام نہیں کرے گی کیونکہ کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں ہے۔