فرد جرم عائد ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے پاس وزیرا عظم رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ عمران خان
کراچی میں سابق نون لیگی رہنما عزیزالدین شیخ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو عدالتوں پر دباؤ ڈالنے کے بجائے فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ملکی مفاد میں نہیںبلکہ صدر زرداری کے چوری کے پانچ سو کروڑ روپے بچانے کے لئے توہین عدالت کررہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگرپاکستان کی جیلوں میں موجود تمام چوروں کی لوٹی ہوئی رقم کو یکجا کیا جائے تو بھی وہ صدر زرداری کے سوئٹزرلینڈ میں موجود اثاثوں سے کم ہے۔انہوں نے کہنا ہے اگراس رقم کو سوئس بینکوں سے کہیں اور منتقل کیا گیا تو صدر کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس بھی بن سکتا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ گیلانی کے بعد جو بھی نیا وزیراعظم آئے گا اس کو سوئس حکام کو خط لکھنا ہی پڑے گا۔ بلوچستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے، تحریک انصاف بلوچ قوم کی تمام محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔ ملک میں اصل جمہوریت ہوتی تو اپوزیشن اس کرپٹ حکومت کو ایک دن بھی نہ چلنے دیتی، آصف زرداری اپنے خلاف منہ کھولنے والوں کو کچھ نہ کچھ دے ان کی زبان بند کردیتے ہیںجبکہ بیسیویں ترمیم کے معاملے پرحکومت اور اپوزیشن ایک مرتبہ پھر یکجا ہورہے ہیں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان کونسل سمیت کسی بھی پارٹی نے ہمارا موقف سننے کے لئے بلایا تو ضرور جائیں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے لئے کردار ادا کرسکتے ہیں،تحریک انصاف جنرل الیکشن کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کرے گی بلکہ عوام کے ذہنوں سے انیس سو ستر کا انقلاب بھی محو کردے گی ۔ اس موقع پر جاوید ہاشمی بھی انکے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں عمران خان نے سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے میر ظفراللہ جمالی کوکوئٹہ میں ہونیوالے تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ میر ظفر اللہ جمالی نےکہا کہ ان کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں لیکن وہ پاکستان کواپنی پارٹی سمجھتے ہیں۔انہوں نے اصولی سیاست کرتے ہوئے وزارت عظمی سے استعفی دے دیااب یوسف رضا گیلانی کو بھی اصولی سیاست کرنی چاہیے۔