آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک لوٹ کر گئے ہیں: شیخ رشید
راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں۔ عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم کی جانب سے افتتاح کی جانے والی تھل ایکسپریس آج صبح راولپنڈی سے ملتان روانہ ہوگئی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید بھی ٹرین میں سوار ہیں۔ ٹرین کندیاں، میانوالی، لیہ، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچے گی۔ ٹرین روزانہ ملتان سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے ملتان چلا کرے گی، دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ 4 گھنٹے کم ہو کر 11 گھنٹے رہ جائے گا۔ پہلے روز تھل ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے مفت سفر کی سہولت رکھی گئی ہے۔ ٹرین روانگی سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرین مزدوروں نے بنائی ہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ 20 فریٹ ٹرینیں چلانا میرا ہدف ہے۔