کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔دفاتر اور گھر مٹی سے بھر گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں گی۔دو روز سے جاری تیز ہواؤں سے شہر قائدمیں سردی تو نہیں بڑھی البتہ ہوا کے ساتھ اڑنے والی مٹی نے گھروں اور دفتروں کو گرد آلود کر دیا۔کئی جگہ لوگ سڑکوں پر گرد و مٹی آنکھوں میں جانے کی شکایت کرتے بھی نظر آئے، گرد کے طوفان کے ساتھ ہی شہریوں میں نزلہ ، کھانسی ،گلے اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ماہرین امراض نے شہریوں کو گھروں سے نکلتے وقت بالخصوص بائیک سواروں کو ماسک کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔کوئٹہ میں طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، چمن میں سائن بورڈز اور درخت گر گئے۔پاکستان میں اس برس موسم سرما میں ملک کے مختلف حصوں میں 50فیصد زیادہ برف باری اور بارشیں معمول سے 25 سے 30 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔زیادہ بارش اور برف باری کی وجہ سے ملک کے پانی ذخیرہ کرنے والے بڑے ڈیموں تربیلا اور منگلا میں سطح آب بھی معمول سے زیادہ ہے۔محکمہ موسمیات کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق رواں موسم سرما کے دوران پہاڑوں پر ہونے والی برف باری نے گزشتہ 70 سال کا ریکارڈ توڑا ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر حنیف نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن، مری، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 22اعشاریہ 5 انچ برف پڑ چکی ہے اور مارچ میں موسم سرما کے اختتام تک یہ بڑھ کر 50 انچ تک ہو جائے گی۔آزاد کشمیر میں وادی نیلم، گریز ، وادی لیپہ سمیت بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی،ہٹیاں بالا ،باغ اور پونچھ میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش برسی۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ڑوب اور قلات ڈویڑن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔صبح سویرے خضدار اور ڑوب میں 3، قلات میں 4، پنجگور میں 11، گوادر اور تربت میں درجہ? حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ڑوب اور قلات ڈویڑن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔