دفترخارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کا باضابطہ اعلان کردیا
اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرسعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، دورے میں متبادل توانائی، اندرونی سیکیورٹی، میڈیا، ثقافت اور کھیل کے شعبے میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا سعودی ولی عہد محمدبن سلمان 16 فروری کوپاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کو دورے کی دعوت وزیراعظم عمران خان نے دی، سعودی ولی عہدحکومت میں اہم ذمہ داریوں پر براجمان ہیں، وہ سعودی عرب کے وزیردفاع اور کونسل آف منسٹر کے وائس پریذیڈنٹ بھی ہیں۔