شیخ رشید کے ممبر پی اے سی بننے میں پی ٹی آئی کے اختلافات آڑے آگئے
اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کے سبب چیئرمین پبلک اکانٹ کمیٹی شہباز شریف کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور وزیر ریلوے شیخ رشید کو کمیٹی کا ممبر بنانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ، تحریک انصاف دو دھڑوں میں تقسیم ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں معاملات پر تحریک انصاف دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے ۔حکومتی ارکان شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر اور علی محمد خان نے دونوں فیصلوں کی مخالفت کی جب کہ وزیر اعظم کے پارلیمنٹ بارے بیان پر بھی مخالف دھڑے کو تشویش ہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بھی شیخ رشید کے رکن پی اے سی کے معاملے پر تنازعے کو بے مقصد قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی اے سی سے متعلق صوابدید اسپیکر کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ایک رکنیت کے معاملے پر پی اے سی کو سیاسی اکھاڑا نہ بنایا جائے، پی ٹی آئی بھی شیخ رشید کو پی اے سی کا رکن بنانے پر متفق نہیں۔