سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان، 8 معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد کے دورے کے دوران مفاہمت کی کم ازکم آٹھ یادداشتوں پردستخطوں کی توقع ہے اور دستخط شدہ معاہدوں میں پیشرفت کی نگرانی کیلئے ایک رابطہ کونسل قائم کی جائے گی ۔انہوں نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود کے ہمراہ بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ہمارا قریبی اور قابل اعتماد دوست ہے اور سعودی ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوںگے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے یکے بعد دیگرے دوروں سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں ان تعلقات میں گزشتہ حکومت کے دور میں کمی آئی تھی ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے ریاض کے دورے کے دوران سعودی عرب کی قیادت نے دوستانہ تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیاتھا ۔اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ پاکستان اس وقت وسطی ایشیاء میں اہم کردارادا کررہا ہے انہوں نے کہاکہ سعودی ولی عہد کا اسلام آباد آمد پر پرتپاک استقبال کیاجائے گا ۔