چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1360 ہو گئی
چین: مہلک کرونا وائرس سے چین میں مزید 245 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 1360 ہو گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس (COVID-19) کی ہلاکت خیزی جاری ہے، وائرس سے چین کے اندر مجموعی ہلاکتوں کی تعداد تیرہ سو سے بھی بڑھ گئی، جب کہ کرونا وائرس کے مزید 14886 نئے کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں، وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 59539 ہو گئی ہے۔ دوسری طرف مہلک وائرس سے لڑنے کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں، برطانوی سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وائرس کی ویکسین تیار کر لی گئی ہے، اور چوہوں پر اس کی آزمایش کی جا رہی ہے، عالمی ادارہ صحت نے بھی وائرس کے سلسلے میں پیش رفت کی ہے، ادارے نے وائرس کو ‘کووِڈ 19’ کا نام دے دیا ہے اور کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین 18 ماہ میں دستیاب ہوگی۔