صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکا شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشداچانک شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال پہنچ گئیں۔ صوبائی وزیر کے ہمراہ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر ڈاکٹریاسمین راشدنے نئے بننے والے گورنمنٹ پیرا میڈیکل ٹیچنگ سکول اور نرسنگ کالج کا بھی دورہ کیا۔ وزیرصحت پنجاب نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔صوبائی وزیرنے ایم ایس کو مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہسپتال کا اچانک دورہ کرنے کا مقصد مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔ہمیں ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں۔ڈاکٹرز کے شائستہ رویے سے مریضوں کی آدھی بیماری علاج سے پہلے ہی ختم ہوجاتی ہے۔وزیر صحت پنجاب نے کہاکہ مریضوں کے لواحقین کو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملہ سے بھرپور تعاون کرناچاہیئے۔صحت کے شعبہ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں۔