سینٹ کااجلاس کل تک ملتوی کردیاگیا

سینٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کے زیر صدارت آج پارلیمنٹ ہائوس میں دوبارہ شروع ہوا۔ آج ایوان میں دو بل پیش کئے گئے جن میں آئینی ترامیمی بل 2023 اور ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کا بل 2023 شامل ہیں۔ چیئرمین نے دونوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔ نقطہ اعتراض میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے اِن خبروں پر تشویش کا اظہار کیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایف آئی اے کو سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کو بغاوت کے الزامات پر گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ قانون کے وزیر مملکت شہادت اعوان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ایک خود مختار ادارہ ہے اور اس نے قانون کے تحت اپنی تحقیقات مکمل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو آئین اور قانون پر اعتماد ہونا چاہئے اور اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اسے سزا ملنی چاہئے۔ اِس پر اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اور چیئرمین نے ایوان کا اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔