بانی پی ٹی آئی کے بغیر حکومت چلے گی نہ جمہوریت
تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان میں اتارا گیا ، ہم نے ووٹ سے اپنا بدلہ لے لیا ، غلط فہمی دور کر لیں بانی پی ٹی آئی کے بغیر حکومت چلے گی نہ جمہوریت۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ 5 سال میں الیکشن کرانا ضروری تھے جو چھٹے برس کروائے گئے، شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی نہیں ، صرف نشان چھینا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو تسلسل سے پابند سلاسل کیا گیا، ان کی سزاؤں کو عوام نے مسترد کیا، عوام نے بتا دیا وہ نہ ہی باغی ہیں نہ مجرم ہیں، انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سعدرفیق نے گریس دکھا کر شکست کو تسلیم کیا، سعد رفیق اپنے بڑوں کو بھی یہ درس دیں، اگر نواز شریف یاسمین راشد سے ہار گئے تو شکست تسلیم کرنے میں قباحت نہیں ہونی چاہیے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ ظل سبحانی کو تاج پوشی کیلئے لایا گیا تھا لیکن ظل سبحانی کے خواب 8 فروری کو چکنا چور ہو گئے ہیں ، عوام نے ظل سبحانی کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔